ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل شہر کے اوپری اور نواحی علاقوں میں پانی کی قلت : اسپورٹس سنٹروں کے ذریعے پانی سپلائی کا انتظام

بھٹکل شہر کے اوپری اور نواحی علاقوں میں پانی کی قلت : اسپورٹس سنٹروں کے ذریعے پانی سپلائی کا انتظام

Thu, 27 Apr 2023 20:26:41    S.O. News Service

بھٹکل :27؍اپریل (ایس اؤ نیوز )  بھٹکل شہر اور نواحی علاقوں  میں شدیدگرمی کے سبب ایک طرف لوگ بے حال ہیں ،شدید گرمی کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی   کا مسئلہ  سنگین رُخ اختیار کر تاجارہاہے۔ایسے میں مقامی اسپورٹس سینٹروں کے ذریعے بھی پانی سپلائی کرتےہوئے تھوڑی بہت راحت بہم پہنچانےکا کام کیاجارہاہے۔

مرڈیشور بینگرے اور شہرکے اوپری علاقہ حنیف آباد اور کارگیدے سمیت پاس پڑوس  کے  متعدد    علاقوں میں   پانی کی قلت  کو لے کر  لوگ گذشتہ ایک مہینہ سے بے حدپریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں ۔  جہاں   ایک طرف  کنویں سوکھ  رہے  ہیں تو  وہیں کڑوین کٹہ ڈیم میں بھی پانی کی سطح کم ہونے کی  وجہ سے میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کی طرف سے پانی   کم سپلائی کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اور اب سے  روزانہ کے بجائے دودن میں ایک  دفعہ پانی چھوڑے جانے کا فیصلہ لیاگیاہے۔چونکہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے  اعلان کے سبب ریاست بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذہے جس کی وجہ سے پنچایتی  سطح پر  اس ضمن میں  خاطرخواہ کام نہیں  ہوپارہاہے ۔ایسے  میں لوگ پانی کے  مسئلے کو لے کر کافی دقتوں اور پریشانیوں  کاسامناکرتے  نظرآرہے ہیں ۔

ایسے میں جہاں  میونسپالٹی یا پنچایت کی طرف سے پانی سپلائی نہیں ہورہا ہے، وہاں   ٹینکوں کے ذریعےمقامی اسپورٹس سینٹر اور دیگر سماجی اداروں کی جانب سے پہل کرکے گزشتہ ایک ماہ سے اپنے اپنے علاقوں میں ٹینکوں کے ذریعہ لوگوں کے گھروں تک   پانی  پہنچانے کاکام کیا جارہا ہے، جس میں  حنیف آباد کا اسپوڑٹس سینٹر حنیف ویلفیر ایسوسی ایشن بھی شامل ہے ۔جوتقریباروزانہ پچاس گھروں تک ٹینک کےذریعہ پانی پہنچا یا جارہاہے ۔

بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی سے اس تعلق سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے بھٹکل تعلقہ پنچایت کے ایگز یکیٹیو افسر اور دیگر متعلقہ ملازمین کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے انہیں اس سمت ضروری اقدامات کرنے کا حکم جاری کردیا ہے  جس کے بعد کئی گرام پنچایتوں میں پانی پہنچانے کاسلسلہ شروع کیاجاچکاہے ،جبکہ مزید  بقیہ علاقوں میں بھی  ٹینکوں  کے ذریعہ پانی فراہم کرنے کا نظام بنایا جارہاہے جس  سے لوگوں کی ضروریات پوری ہوسکے ۔خدشہ ظاہر کیاجارہاہےکہ جیسے جیسے گرمی بڑھتی جارہی ہے   مزید کنویں سوکھیں گے تو پانی کا کیا ہوگا عوام سوچ سوچ کر ہی بےحال ہورہے ہیں۔


Share: